جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم دریافت ، پاکستان خواتین کی کرکٹ ٹیم زمبابوے میں پھنس گئی

144

ہرارے :  جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم آنے کے دوران پاکستان سمیت نوملکوں کی خواتین کرکٹ ٹیمیں زمبابوے میں پھنس کررہ گئیں ۔ کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے پھیلاؤ سے بچنے کے لئے خلیجی ائر لائن نے زمبابوے کے لئے فلائٹ آپریشن معطل کردیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق  جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی  خطرناک ترین قسم دریافت ہونے کے بعد پوری دنیا میں ایکبار پھر سے کورونا وائرس کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ کئی ممالک نے جنوبی افریقہ کے سفر پر پابندی لگائی تو کئی ائر لائنز نے اپنے فلائٹ آپریشننز معطل کردیئے ہیں ۔

ان دنوں زمبابوے میں آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ 2021 کے کوالیفائزر مقابلے جاری ہیں جس میں شرکت کے لیے 9 ممالک کی کرکٹ ٹیمیں ہرارے میں موجود ہیں ۔اچانک کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر خلیجی ائیرلائن نے زمبابوے کے لیے فلائٹ آپریشن ہی معطل کردیا ہے۔فلائٹ آپریشن کی معطلی کی وجہ سے پاکستان سمیت 9 ملکوں کی خواتین ٹیمیں زمبابوے میں پھنس گئی ہیں ۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے افریقی ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگادی ہے جب کہ یہ پابندی جنوبی افریقہ، زمبابوے، موزمبیق اورنمیبیا سمیت دیگرممالک پرلگائی گئی ہے۔ان پابندیوں کی وجہ سے  جاری کردہ ہدایات کے مطابق 29 نومبر سے افریقی ممالک سے آنے والوں کو دبئی میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی ۔

تبصرے بند ہیں.