نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آج شام اسلام آباد سے وطن واپس روانہ ہو گی

169

اسلام آباد: پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان شیڈول کرکٹ سیریز منسوخ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم آج شام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے وطن واپس روانہ ہو گی۔ 
گزشتہ روز پہلے ایک روزہ میچ سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی وجوہات کی بناءپر پاکستان کیساتھ 18 سال بعد ہونے والی سیریز منسوخ کرنے کا اعلان کیا تو قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت سابق کھلاڑی، ماہرین کرکٹ اور شائقین کرکٹ میں مایوسی اور غم و غصے کی لہر پھیل گئی۔ 
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت کو ٹیم کے حوالے سے سیکیورٹی الرٹ موصول ہوئے جس کے باعث پاکستان کا دورہ جاری رکھنا ممکن نہیں تھا اور یہی وجہ ہے کہ فوری طور پر دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے اور اب نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم آج شام اسلام آباد سے خصوصی طیارے کے ذریعے روانہ ہو گی۔ 
سول ایوی ایش اتھارٹی نے خصوصی طیارے کو پاکستان لینڈنگ کی اجازت دیدی ہے جو شام 6 بجے اسلام آباد سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کیلئے روانہ ہوں گے اور وہاں سے نیوزی لینڈ کیلئے اڑان بھرے گا۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی سٹیڈیم میں پہلا ایک روزہ میچ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کیا جس کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کی گئی۔ 
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے یوں اچانک دورہ منسوخ کئے جانے کے پاکستان کے سابق کرکٹرز، حکومتی عہدیداروں، مختلف سیاسی شخصیات اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کیساتھ ساتھ شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ 
قومی ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اس فیصلے سے پاکستان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بین الاقوامی سطح پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا بائیکاٹ کرے۔ 
اسی طرح سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھی اس معاملے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خیال سے ہمیں مکمل کہانی نہیں بتائی جا رہی ہے حالانکہ ماضی قریب میں پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ یہاں ایونٹس کیلئے بہترین سیکیورٹی موجود ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.