اسلام آباد:نورمقدم قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ،ملزم ظاہر جعفر کے والدین نے ضمانت پر رہائی کی درخواست دیدی ۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی درخواست ضمانت پر پولیس کو نوٹس جاری کر دیا ،سیشن کورٹ نےنورمقدم کےوالدکوبھی 30 جولائی کانوٹس جاری کردیا۔
کورٹ رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج 30 جولائی کودرخواست پرفیصلہ کریں گے،سیشن کورٹ نےنورمقدم قتل کیس کامکمل ریکارڈبھی طلب کرلیا۔
واضح رہے اس سے قبل نور مقدم قتل کیس میں پولیس نے ملزم ظاہر جعفر کا موبائل فون برآمد کر لیا۔پولیس نے نور مقدم کی پہلی منزل سے چھلانگ لگاکر گھر سے بھاگنے کی کوشش کی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق نور مقدم قتل کیس میں مزید انکشافات ہوئے ہیں ،نور مقدم نے اپنے ڈرائیور سے 7 لاکھ روپے ملزم ظاہر کے گھر منگوائے تھے تاہم ڈرائیور نے تین لاکھ روپے پہنچائے۔
ملزم ظاہر جعفرنے جس دن نور مقدم کو قتل کیا اسی دن صبح نور مقدم کی اپنی والدہ سے 3 منٹ تک فون پر بات بھی ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع نے ایک اور انکشاف کیا کہ تفتیش کاروں کو پڑوس میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج ملی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ’فوٹیج میں لڑکی کو پہلی منزل سے چھلانگ لگا کر گھر سے فرار ہونے کے لیے گھر کے دروازے کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ گیٹ کو تالا لگا ہونے کے بعد خاتون اپنے آپ کو ایک گارڈ کے کمرے میں چھپا لیتی ہے بعد میں ملزم کو کمرے میں گھستے اور انہیں گھسیٹتے ہوئے واپس گھر میں لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
دریں اثنا پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ امریکی سفارت خانے کے عملے نے ظاہر جعفر سے ملاقات کی۔ سفارتخانے نے پولیس سے ملزم سے ملاقات کی درخواست کی تھی کیونکہ وہ امریکا اور پاکستان کی دوہری شہریت رکھتا تھا۔
تبصرے بند ہیں.