سندھ حکومت کے پاس ویکسین موجود ہے جو سب کو لگائی جائے گی: عذرا پیچوہو

94

کراچی: وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے پاس ویکسین موجود ہے جو سب کو بلاتفریق لگائی جائے گی ، امیر ہو یا غریب سب کو ویکسین مفت لگے گی ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عذرا پیچوہو نے کہا کہ سندھ حکومت رجسٹرڈ افراد کی ویکسی نیشن کا عمل پہلے مکمل کرے گی ، جو افراد رجسٹرڈ نہیں وہ 1166 پر اپنی رجسٹریشن جلد سے جلد کریں ۔ جن لوگوں کی پہلے ویکسی نیشن ہوگی انہیں دوسری ڈوز جلد لگائی جائے گی ۔

وزیر صحت سندھ نے کہا کہ عوام کو جو بھی ویکسین ملے وہ ضرور لگوائیں اس کی افادیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے چین سے ویکسین کیلئے رابطہ کیا تھا لیکن بتایا گیا کہ یہ ویکسین چینی حکومت پاکستان کی حکومت کو فراہم کرے گی جبکہ روسی حکومت سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ ان کی ویکسین مہنگی ہونے کے باعث ہماری پہنچ سے دور ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاق کو ایک خط لکھا تھا جس میں عدالت کے حکم بارے آگاہ کیا تھا ، عدالت کے حکم کے مطابق وفاق سندھ کے ہسپتالوں پر کئے گئے خرچ کو پہلے ادا کرے پھر سندھ میں موجود ان ہسپتالوں کو صوبائی حکومت کے پاس رہنے دیا جائے ۔

وفاق سندھ کے ان 3 ہسپتالوں کو بہتر طریقے سے نہیں چلاسکتا اس لیے وفاق ان ہسپتالوں کا بورڈ آف مینجمنٹ سندھ حکومت کے حوالے کر دے ۔ وفاق کی طرف سے ابھی تک خط کا کوئی جواب نہیں آیا ۔

عذرا پیچوہو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 4 اپریل کو راولپنڈی میں ہونے والا جلسہ مؤخر کیا ، اگر جلسہ منعقد ہوتا تو وبا کے کیسز بڑھنے کا خطرہ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سیہون شریف کے عرس کو بھی سندھ حکومت نے ملتوی کر دیا ہے ۔

وزیر صحت سندھ نے کہا کہ ایک ہفتے کے نمبرز پنجاب میں 27002، کے پی 9152، اسلام آباد 7995، سندھ میں 3307 کیسز ہیں ۔ اموات کی شرح پنجاب میں 434، کے پی 142، سندھ میں 30 رہی ، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں وبا کا پھیلاؤ بہت زیادہ تھا اس لئے پروگرام کو ملتوی کیا ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سیہون شریف کے میلے میں پنجاب سے بہت سے لوگ آتے ہیں ، ممکن ہے ان میں بہت سے لوگ وبا کا شکار ہوں ، ہمیں سندھ کے لوگوں کے ساتھ پاکستان کے لوگوں کو بھی وبا سے بچانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس صوبے میں وبا کا پھیلاؤ زیادہ ہے ان سے ہمدردی ہے ، سندھ کو وبا سے بچاؤ کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہیں ۔

\عذرا پیچوہو نے کہا کہ کے پی اور پنجاب سے آنے والے لوگوں کی ریلوے اسٹیشن پر اسکریننگ کی جا رہی ہے اگر ان میں کوئی بیمار مسافر ہو تو اس کے الگ سے ٹیسٹ ہوتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں وبا سے صوبہ سندھ کو زیادہ سے زیادہ بچایا جاسکے ۔ عوام سے اپیل ہے وبا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عمل کریں ۔

تبصرے بند ہیں.