خیبر پختونخوا کابینہ میں ردوبدل اور توسیع کا فیصلہ

141

پشاور: خیبر پختونخوا کابینہ میں بڑے پیمانہ پر ردوبدل اور توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ کابینہ میں چار مزید وزرا کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ بہتر کارکردگی نہ دینے والے وزرا سے وزارت واپس لینے کا امکان ہے۔ وزرا منگل کو حلف اٹھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر شاہ فرمان سے وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق وزیر عاطف خان کی ملاقات ہوئی جس میں حکومتی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے صوبائی کابینہ کے وزرا کے قلمدانوں میں ردوبدل، بعض وزرا سے وزارت واپس لینے اور بعض وزیروں کی تنزلی کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

صوبائی کابینہ میں چار نئے وزرا عاطف خان اور شکیل خان کو دوبارہ شامل کیا جا رہا ہے جبکہ فضل شکور اور وفاقی وزیر امین اللہ گنڈا پور کے بھائی فیصل امین گنڈا پور کو بھی وزیر لیا جا رہا ہے۔

چاروں وزرا کل گورنر ہاؤس پشاور میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے والے وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ سے وزارت واپس لینے کا بھی امکان ہے جس کا اعلامیہ وزرا کی حلف برادری سے قبل کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے وزارت صحت واپس لے کر عاطف خان کو یہ قلمدان دینے کا امکان ہے۔ اسی طرح وزیر بلدیات اکبر ایوب کا قلمدان بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.