شکارپور:شکارپور کے کچے کے علاقے میں پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کیا، جس کے دوران دو مغوی بھائیوں کو بازیاب کرالیا گیا۔ پولیس کے مطابق، یہ دونوں افراد 6 روز قبل اغوا کیے گئے تھے اور ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے میں انہیں بازیاب کیا گیا۔ بازیاب ہونے والے افراد، شفیق انجم جٹ اور اظہر اعوان، کا تعلق سرگودھا سے ہے۔ شفیق انجم جٹ کو سستی گاڑی کے بہانے اغوا کیا گیا تھا۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ علاقے میں ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور پولیس کا عزم ہے کہ مغویوں کو بازیاب کرانے کے ساتھ ساتھ ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ گزشتہ ماہ بھی شکارپور کے علاقے گڑھی تیغو میں ایک کامیاب آپریشن کے دوران دو مغویوں کو بازیاب کرایا گیا تھا۔