حکومت نے بجٹ منظوری کے لئے حکمت عملی طے کر لی،اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت،اتحادیوں نے یقین دہانی کرادی

14

اسلام آباد:حکومت نے بجٹ منظوری کے لئے حکمت عملی طے کر لی ہے۔ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور حکومت کے اتحادیوں نے  بھی یقین دہانی  کرادی  ہے۔ وزیراعظم  شہباز شریف کی   ہدایت پر ن لیگ میں مختلف گروپس قائم    کئے گئے ہیں ،گروپ ہیڈ حاضری کا ذمہ دار اور جوابدہ ہوگا۔۔تمام گروپس ہیڈ چیف وہپ ڈاکٹر طارق کو رپورٹ کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت  کی پیپلز پارٹی وفد سے  بجٹ میں تعاون کے سلسلے میں باقاعدہ ملاقات ہوئی تھی۔  اس ملاقات میں دونوں حکومتی اتحادی جماعتوں کے مابین گلے شکوے بھی ختم ہو گئے تھے۔ دوران ملاقات بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کہا گیا کہ حکومت کسی فیصلہ سازی میں ہمیں اعتماد میں نہیں لے رہی اور سندھ کے مختلف منصوبوں میں بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں ہو رہا جس پر وزیراعظم شہبازشریف نے یقین دلایا کہ پیپلزپارٹی کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے۔
ملاقات کے بعد جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق اس دو طرفہ ملاقات میں قومی سیاسی امور پر گفتگو ہوئی اور بجٹ کے حوالے سے دونوں حکمران جماعتوں کی قیادتوں نے مزید مشاورت کی۔ وزیراعظم شہبازشریف کے بقول معیشت کے حوالے سے مثبت اشارے مل رہے ہیں‘ سٹاک مارکیٹ میں مثالی تیزی کاروباری حلقوں کی جانب سے بجٹ کی توثیق کے مترادف ہے۔

اس موقع پر میاں شہبازشریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملکی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہے۔ ہم نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ کمیٹیوں کے ذریعے مزید مشاورت جاری رہے گی۔

تبصرے بند ہیں.