پرویز الٰہی کی رخصتی قریب، پنجاب میں جلد حکومت بنا لیں گے: عطاءتارڑ

82

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے رہنماءاور وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطاءتارڑ نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی کی رخصتی قریب ہے اور اگلے چند روز میں پنجاب میں حکومت بنا لیں گے، عمران خان کے جلسے میں لوگوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کی سیشن کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاءتارڑ نے کہا کہ پنجاب حکومت کے وسائل ریاست مخالف بیانئے کیلئے استعمال کئے جا رہے ہیں اور پرویز الٰہی کے صاحبزادے عمران نیازی کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے وسائل کو فوج اور عدلیہ کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے لیکن اب عمران خان کے جلسے میں لوگوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے، پنجاب حکومت کے ساتھ بیورو کریسی بھی کام کرنے کیلئے تیار نہیں، 15 سے زائد حکومتی ایم پی ایز ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، وزیراعلیٰ نے سیلاب زدہ عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ، یہ کمپنی اب زیادہ دیر نہیں چلے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا اور ہم پولیس کے پاس خود جا کر شامل تفتیش ہوئے، دوسری جانب توشہ خانہ کیس میں ملوث ایک شخص شامل تفتیش ہونے کے بجائے ضمانت کے پیچھے چھپا ہوا ہے، اس جھوٹے مقدمے میں ان کو منہ کی کھانی پڑے گی۔
عطاءتارڑ نے کہا کہ پنجاب میں کوئی افسر کام کرنے کو تیار نہیں، صوبے میں ریاست مخالف بیانیہ بنایا جا رہا ہے، پنجاب میں حکومت کا حق ہمارا بنتا تھا، ہمارے 197 اور ان کے 186 ارکان تھے، کیا کسی ایک ناکردہ گناہ کی سزا دی جا سکتی ہے، اس وقت 15 سے زیادہ ایم پی اے ہمارے ساتھ ہیں۔ 
قبل ازیں قبل سیشن کورٹ میں پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے لیگی رہنما عطا تارڑ سمیت 11 ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا۔ 
عدالت نے لیگی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 19 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے تمام ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا جبکہ عدالت نے پولیس سے تمام ملزمان کا ریکارڈ بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ 

تبصرے بند ہیں.