سیلاب متاثرین کی بحالی راتوں رات ممکن نہیں، اس میں وقت لگے گا: وزیراعظم

27

ڈیرہ اسماعیل خان: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے پاکستان میں اتنی بڑی تباہی اپنی زندگی میں نہیں دیکھی، سیلاب متاثرین کی بحالی راتوں رات ممکن نہیں بلکہ اس میں وقت لگے گا، سابق حکومت نے چار سال تک ملکی وسائل برباد کئے۔ 
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سگو پل بحالی کے کام کا جائزہ لینے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں اور دو ہفتوں میں ٹانک میں 100 گھروں پر مشتمل پہلے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی مخلوط حکومت نے 28 ارب روپے سیلاب متاثرین کیلئے مختص کئے ہیں، 20 ارب روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی ایس پی) کے تحت شفاف طریقے سے تقسیم کئے جاچکے ہیں جبکہ 8 ارب روپے بھی جلد سیلاب متاثرین میں تقسیم کر دیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی ادارے عوام کی خدمت کیلئے کوشاں ہیں، سندھ میں ہر طرف پانی ہی پانی ہے مگر مصیبت کی گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں، سیلاب متاثرہ فی خاندان کو 25 ہزار روپے دے رہے ہیں جبکہ سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دے رہے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ذریعے گزشتہ روز 2 لاکھ خیمے خریدنے کا فیصلہ کیا اور سیلاب متاثرین کو چھت کی فراہمی کے ساتھ ہی سیلاب سے وبائی امراض پھیلنے کا چیلنج بھی درپیش ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب سے پاکستان میں اتنی بڑی تباہی اپنی زندگی میں نہیں دیکھی، صاف پانی مہیا کرنا، گھروں کو دوبارہ آباد کرنے کیلئے کھربوں روپے درکار ہیں اور حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کوشاں ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.