انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا 4 رکنی وفد آج پاکستان پہنچے گا

28

کراچی: انگلش کرکٹ ٹیم کے مجوزہ دورہ پاکستان کے سلسلے میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کا 4 رکنی وفد آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق ای سی بی کا وفد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ سے قبل رواں سال ستمبر میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے شیڈول دورہ پاکستان کیلئے سیکیورٹی انتظامات سمیت دیگر اقدامات کا جائزہ لے گا۔
ذرائع کے مطابق وفد میں کرکٹ آپریشنز کے 2اہلکار، ایک سیکیورٹی کنسلٹنٹ اور پلیئرز ایسوسی ایشن کا ایک نمائندہ شامل ہے۔ مذکورہ وفد کل کراچی کا دورہ کرے گا جہاں ایس ایس یو کے ہیڈ کوارٹرز میں متعلقہ حکام کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا وفد نیشنل سٹیڈیم کراچی کا دورہ بھی کرے گا جہاں انتظامیہ اور دیگر اداروں کے اجلاس میں شرکت کے بعد سٹیڈیم اور اطراف میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ 
درہ کراچی کے بعد اس وفد کی اگلی منزل ملتان ہو گی جہاں 20 جولائی کو سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد 21 جولائی کو وفد لاہور آئے گا اور مختلف معاملات کا جائزہ لینے کے بعد 22 جولائی کو وطن واپس روانہ ہو جائے گا۔ 
انگلش وفد اپنی رپورٹ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کو پیش کرے گا اور اس رپورٹ کی روشنی میں ہی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ستمبر کے وسط میں طے جس دوران پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی اور تمام میچز کا انعقاد کراچی، لاہور اور ملتان میں متوقع ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.