سپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفے ڈی سیل کر کے پیش کرنے کا حکم

45

اسلام آباد: نومنتخب سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کے استعفے ڈی سیل کر کے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف قواعد کے مطابق پیش کئے گئے استعفے منظور ہوں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماءاور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو سپیکر قومی اسمبلی منتخب کیا گیا جس کے بعد پینل آف چیئر سردار ایاز صادق نے ان سے حلف لیا اور پھر وہ سپیکر کی کرسی پر براجمان ہو گئے۔ 
نومنتخب سپیکر راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت کی اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست کے مرد حر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا ممنون ہوں، میں قائد ایوان و وزیراعظم سمیت پارلیمانی رہنماؤں کا بھی شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے مجھے اس منصب کیلئے اہل سمجھا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایک سابق وزیراعظم سپیکر قومی اسمبلی بنا ہے، میں رب ذوالجلال کے سامنے سر کو جھکاتا ہوں، جس نے ایک ادنی بندے کو باوقار عہدے پر بٹھایا۔ میں اس ایوان کا خادم اور وفادار رہوں گا۔ 
راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ارکان قومی اسمبلی کے استعفے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سابق سپیکر کی رولنگ اور قواعد کے مطابق ان کا جائزہ لیا جائے گا اور صرف وہی استعفے منظور کئے جائیں گے جو قواعد کے مطابق ہوں گے۔ 

تبصرے بند ہیں.