لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے پلے آف میچ میں پاکستان کے کپتان قاسم اکرم نے نئی تاریخ رقم کر دی اور ایک ہی میچ میں 5 وکٹیں اور سنچری سکور کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ ساو¿نڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے حسیب اللہ خان اور کپتان قاسم اکرم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر 365رنز بنائے، حسیب اللہ خان نے 136 رنز کی اننگز کھیلی اور کپتان قاسم اکرم نے 80 گیندوں پر ناقابل شکست 135رنز بنائے۔
قاسم اکرم 63 گیندوں پر سنچری مکمل کرکے پاکستان کی جانب سے انڈر 19 ورلڈکپ میں تیز ترین سنچری بنانے والے بلے باز بنے جبکہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دوسری وکٹ پر 229 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
سری لنکن انڈر 19 ٹیم 366 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ قومی ٹیم کے کپتان قاسم اکرم نے بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 10 اوورز میں 37 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر انڈر 19 ورلڈکپ کی تاریخ میں سنچری اور 5 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
تبصرے بند ہیں.