لاہور: پنجاب میں سموگ کی بگڑتی صورتحال کے سبب لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اور ملتان میں ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق، یہ فیصلہ لوگوں کو مضر کیمیائی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے، اور پابندی کا اطلاق 31 جنوری تک ہوگا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔
سموگ وار روم کا قیام سموگ کی سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ ماحولیات نے "سموگ وار روم” قائم کیا ہے جس میں مختلف محکموں کے افسران شامل ہیں، جیسے کہ محکمہ زراعت، سپارکو، ایل ڈبلیو ایم سی، لوکل گورنمنٹ، اور ٹرانسپورٹ۔ اربن یونٹ کے فوکل پرسن کو بھی اس وار روم میں شامل کیا گیا ہے۔
سموگ وار روم کی ذمہ داریاں ترجمان محکمہ ماحولیات کے مطابق، سموگ وار روم کی کمیٹی روزانہ بنیادوں پر موسم اور فضا کی کیفیت کا تجزیہ کرے گی اور فیلڈ افسران کے اقدامات کی نگرانی کرے گی۔ کمیٹی کے انچارج ڈی جی ماحولیات کی منظوری سے روزانہ ایڈوائزری جاری کریں گے تاکہ سموگ کے اثرات کو کم کرنے کے اقدامات کیے جا سکیں۔