پنجاب میں اسموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک پہننا لازمی، ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت

لاہور: پنجاب حکومت نے اسموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر ماحولیاتی قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور ماسک پہننے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں اسموگ سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ موجودہ ماحولیاتی صورتحال کے پیش نظر ہر شہری کے لیے ماسک پہننا ضروری ہوگا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ عوام ماحولیاتی آلودگی کے خلاف اقدامات میں بھرپور حصہ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے آنے والی ہوائیں اسموگ میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں، اور اس چیلنج سے نمٹنے میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اسموگ کنٹرول کے قواعد و ضوابط (ایس او پیز) پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ لاہور میں دھواں خارج کرنے والی گاڑیاں اور چمنیاں بند رکھی جائیں گی، جبکہ فصلوں کی باقیات جلانے پر مکمل پابندی ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاہور میں اسموگ کو کم کرنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا جا رہا ہے۔