کنگنا رانوت کو جان سے مارنے کی دھمکی، پولیس سے مدد مانگ لی

کنگنا رانوت کو جان سے مارنے کی دھمکی، پولیس سے مدد مانگ لی

ممبئی : بالی وڈ کی اداکارہ کنگنا رانوت کو فلم کی ریلیز پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔  انہوں نے اس بارے میں   باقاعدہ ویڈیو شیئر کی ہے اور  پولیس سے مدد بھی مانگ لی ہے۔ اداکارہ  نے پوسٹ شیئر کی اور مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی)، ہماچل پولیس اور پنجاب پولیس کو ٹیگ کیا۔

بالی وڈ اداکارہ اور بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رانوت کو اپنی نئی فلم ‘ایمرجنسی ‘کی ریلیز سے قبل قتل کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ ان کو سوشل میڈیا پر  نئی فلم ‘ایمرجنسی’ کی ریلیز پر  دھمکیاں دینے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس سے مدد کے لیے پہنچی ہیں۔

کنگنارانوت  اس فلم میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ دھمکیاں فلم کا ٹریلر سوشل میڈیا پر ریلیز ہونے کے بعد سامنے آئی ہیں۔ویڈیو میں چھ آدمی ایک کمرے میں  بیٹھے نظر آ رہے ہیں۔  ایک آدمی کا کہنا ہے کہ اگر فلم ریلیز ہوئی تو سکھ برادری اس کی مذمت کرے گی۔

اس ویڈیو میں ایک اور شخص نے کہا کہ تاریخ کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا، اگر اس فلم میں سکھوں کو دہشت گردوں کے طور پر پیش کیا گیا تو پھر یاد رکھنا جس کا کردار اس  فلم میں نبھا رہی ہو اس کا حقیقت میں کیاحال ہوا تھا۔

واضح رہے کہ فلم کے ٹریلر میں نوجوان اندرا کے اپنے والد، آنجہانی وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے ساتھ تعلقات کو دکھایا گیا ہے، جب وہ سیاست میں آئی تھیں۔ اس کے بعد یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس نے اپنے سیاسی کیریئر کے دوران تنازعات، سیاسی انتشار اور دیگر مسائل سے کیسے نمٹا۔

یاد رہے کہ کنگنا رناوت نے بھارت کے عام انتخابات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر مندی سے لوک سبھا کی سیٹ پر کانگریس کے امیدوار کو 74،755 ووٹوں سے شکست دی تھی۔