ایلون مسک نے ٹوئٹر خرید لیا، اعلیٰ عہدیدار برطرف

نیویارک: ایلون مسک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال سمیت تین اعلیٰ عہدیداروں کو برطرف کر دیا ہے۔ 
امریکی میڈیا کے مطابق دنیا کے امیرترین شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر کے دفتر میں منفرد انداز میں اینٹری دی اور سنک اٹھائے ٹوئٹر کے دفتر پہنچے جبکہ ان لمحات کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ 
ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ایلون مسک نے ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پراگ اگرووال، چیف فنانشل آفیسر اور لیگل پالیسی کے ہیڈ کو برطرف کر دیا ہے۔ 

واضح رہے کہ ٹوئٹر کی فروخت کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے پر پراگ اگروال نے ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا جس پر عدالت نے معاہدے پر باضابطہ عملدرآمد کیلئے ایلون مسک کو 28 اکتوبر تک کی مہلت دی تھی۔
ایلون مسک نے اپنی ٹوئٹ میں ٹوئٹر خریدنے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی تہذیب کے مستقبل کیلئے انتہائی اہم ہے کہ ایک مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہو جہاں صحت مندانہ انداز میں مختلف عقائد پر بات چیت کر سکیں۔