چینی شہری سے نوسربازی کے ساتھ 3 لاکھ روپے ہتھیانے والے ملزمان گرفتار

قصور: چینی شہری سے نوسر بازی کے ساتھ رقم ہتھیانے والے دو ملزمان گرفتار کر کے چھینی گئی رقم واپس کر دی گئی جس پر چینی شہری خوشی سے سرشار ہو گیا اور پنجاب پولیس کے گن گانے لگا۔ 
تفصیلات کے مطابق قصور میں تھانہ مصطفی آباد پولیس کو ہیلپ لائن 15 پر چینی شہری کیساتھ نوسر بازی کی واردات سے متعلق اطلاع موصول ہوئی جس پر ایس ایچ او مصطفی آباد بھاری نفری سمیت موقع پر پہنچ گئے۔ 
چینی شہری نے پولیس کو اشاروں اور گوگل ٹرانسلیٹر کے ذریعے بتایا کہ وہ سیر و تفریح کیلئے نکلا ہوا تھا کہ دو نامعلوم ملزمان مجھے سیر و تفریح کروانے کے بہانے مصطفی آباد نہر کنارے لے آئے اور میرا بیگ و دیگر کاغذات چھین کر فرار ہو گئے۔ 
چینی شہری نے مزید بتایاکہ اس کے بیگ میں پاکستانی کرنسی کے مطابق 3 لاکھ روپے اور دیگر کاغذات بھی تھے جس پر پولیس نے فوری طور پر کارروائی کا آغاز کر دیا۔ 
تھانہ مصطفی آباد پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا اور کوٹ رادھا کشن کے علاقہ سے انہیں گرفتار کر کے رقم برآمد کر کے چینی شہری کو واپس کر دی جس پر اس نے اپنی زبان میں پنجاب پولیس زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔