سانحہ سیالکوٹ :اسلام میں تشدد اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں:جے یو آئی 

پشاور:جے یو آئی کے مر کزی رہنما مولانا محمد امجد خان نے کہا  کہ قوانین کی موجودگی میں کسی بھی شخص یا گروہ  کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت شریعت نہیں دیتی ،اسلام کسی  بھی واقعہ کی تحقیق کا حکم دیتا ہے اور سزاؤں کے حوالے سے اختیار صرف عدلیہ کو ہے ۔

جے آئی رہنماؤں نے  سیالکوٹ  سانحہ کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ، مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے  اور خفیہ محرکات کو بے نقاب کیا جا ئے اور ملک میں قانون کی عمل داری کو یقینی بنا یا جا ئے۔

 انہوں نے کہاکہ قانون کی موجودگی میں کسی کو قانون کے استعمال کا حق نہیں دیا جاسکتا ہے، اب تک ہونے والے واقعات میں ملزمان کو سزانہ دینا بھی سوالیہ نشان ہے ،انہوں نے کہاکہ ریاست کی یہ بھی ذمے داری ہے کہ ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون ہرعمل درامد یقینی بنائے ۔

جے یو آئی رہنماؤں نے کہاکہ اس واقعہ کی جامع تحقیقات کی جائیں اور اس سانحہ کے پیچھے کون لوگ ملوث ہیں ان کو بے نقاب کر نا ریاست کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہاکہ دین اسلام اس بات کی ہر گز اجازت نہیں دیتا کسی واقعہ کی تحقیقات کے بغیر ازخود سزا دی جائے  ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام میں تشدداور انتہاء پسندی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔