کابل کی بدلتی صورتحال، پی آئی اے نے کابل کے آپریشن میں مزید اضافہ کردیا

کابل: افغانستان کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر پی آئی اے نے کابل کے آپریشن میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ قومی ائیر لائن کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کی آج سوموار 16 اگست کو 3 پروازیں کابل جائیں گی-

پروازیں پی آئی اے کے بیڑے کے سب سے بڑے جہاز بوئنگ 777 سے آپریٹ ہوں گی- تین پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 900 کے قریب پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کا کابل سے انخلا کیا جائے گا-

پی آئی اے نے پاکستانی وزارت خارجہ کے توسط سے مزید خصوصی پروازوں کی اجازت بھی مانگ لی ہے-پی آئی اے انتظامیہ کئی ملکوں کے سفارت خانوں، بین الاقوامی کمپنیوں اور خبر رساں اداروں کی مدد کیلئے ان سے رابطے میں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کا کابل میں عملہ فعال ہے اور بہادری و قومی جذبے سے سرشار اپنا کام سرانجام دے رہا ہے، مقامی عملہ پاکستانی سفارت خانے کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کررہا ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ تمام پاکستانی شہریوں سے التماس ہے کہ وہ پروازوں پر آنے کیلئے فوری طور پر پاکستانی سفارت خانے یا پی آئی اے کے کابل میں موجود عملے سے رابطہ کریں۔

AfghanistanKabulPIATaliban