کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی یا تو مالی مسائل کو دیکھے یا کرکٹ کی بہتری کے لیے اقدامات کرے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کرکٹ کے فروغ کے لیے کئی قربانیاں دی ہیں۔ وہ سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت پاکستان نہیں آتا تو ہمیں بھی بھارت جانے کی ضرورت نہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے آئی سی سی سے بھی سوال کیا کہ وہ اس معاملے میں فیصلہ کیوں نہیں کر پا رہی۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ دنیا میں چاہے حالات کیسے بھی ہوں، پاکستان کرکٹ ٹیم ہمیشہ دیگر ممالک میں کھیلنے کے لیے پہنچتی رہی ہے۔ ان کے مطابق بھارت کا پاکستان نہ آنا اور آئی سی سی کا فیصلہ نہ لینا ایک معمہ ہے۔
انہوں نے باؤنسی وکٹز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤنسی وکٹز بہت اہمیت رکھتی ہیں۔ شاہد آفریدی نے صائم ایوب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ تینوں فارمیٹس میں اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
آخر میں شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش اور زمبابوے کے خلاف میچز کے دوران کھلاڑیوں کو موقع دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو مناسب وقت پر آرام دینا ضروری ہے تاکہ وہ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔