آسٹرازنیکا ویکسین: حکومت نے ایس او پیز کی منظوری دیدی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آسٹرازنیکا کورونا ویکسین کیلئے ایس او پیز کی منظوری دیدی ہے، یہ منظوری نیشنل ایکسپرٹ کمیٹی کی جانب سے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایس او پیز ویکسین کی سٹوریج، حوالگی اور استعمال میں معاون ہونگے۔ آسٹرازنیکا ویکسین 18 سال سے زائد عمر افراد کو لگائی جا سکے گی۔ اس سلسلے میں جاری گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ آسٹرازنیکا ویکسین حاملہ اور دودھ پلانے والی مائوں کیلئے بھی محفوظ ہے۔

آسٹرازنیکا کورونا ویکسین بخار میں مبتلا فرد کو نہیں لگائی جا سکے گی۔ ویکسین لگوانے والے افراد کو سر، جسم درد اور ہلکا بخار ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ویکسین کورونا پازیٹو مریضوں کو بھی نہیں لگائی جا سکے گی۔

گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ آسٹرازنیکا ویکسین کورونا سے صحتیاب افراد کو لگائی جا سکے گی۔ اس ویکسین کو دو تا آٹھ درجہ حرارت پر محفوظ رکھنا ہو گا۔ ویکسین کی دو خوراکوں میں بارہ ہفتے کا وقفہ ہو گا۔

آسٹرازنیکا ویکسین، ہیلتھ ورکرز اور عام شہریوں کو بھی لگائی جائے گی۔ یہ کوویشیلڈ ویکسین برطانوی آکسفورڈ یونیورسٹی اور سویڈن کی مشترکہ ایجاد ہے۔

پاکستان کو آسٹرازنیکا ویکسین کوویکس کی جانب سے مفت ملے گی۔ ڈبلیو ایچ او آسٹرازنیکا ویکسین کو ہنگامی استعمال کی اجازت دے چکا ہے۔ ویکسین کے ری ایکشن پر ادویات ڈاکٹر کی ہدایات پر استعمال کرنا پڑیں گی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے سدباب کیلئے حکومت نے چینی ویکسین سائنوفارم کے بعد آسٹرازنیکا کی بھی تقریباً ایک کروڑ ستر لاکھ خوراکوں کو بک کروا لیا تھا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کوویکس نے حکومت پاکستان کو ایک خط لکھا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی کی جانب سے ہمیں بڑی تعداد میں حفاظتی ٹیکے فراہمم کئے جائیں گے۔