نیو یارک: عالمی وبا کی نئی لہر سر اٹھانے لگی ، دنیا میں وبا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 13 کروڑ 73 لاکھ ہو گئی ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یورپ میں وبا سے ہلاکتیں 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ۔ ڈبلیو ایچ او نے یورپ میں وبا کی صورتحال کو تشویشناک قرار دے دیا ۔
دوسری جانب بھارت میں ایک دن میں وبا کے ایک لاکھ 62 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ، مریضوں کی بڑھتی تعداد کے بعد بھارت نے روسی ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی جبکہ پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔
جنوبی افریقہ سے وبا کی نئی قسم لندن آ گئی ، مہلک وائرس سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ۔
ادھر پاکستان میں وبا کی تیسری لہر قہر ڈھانے لگی ، ایک روز میں مزید 118 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہزار 619 ہوگئی ۔ 24 گھنٹے کے دوران وبا کے 50 ہزار 520 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 4 ہزار 318 میں وائرس کی تصدیق ہوئی ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح 8.54 فیصد رہی ، ملک بھر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 29 ہزار 920 ہوگئی جبکہ 6 لاکھ 38 ہزار 200 سے زائد مہلک وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہوچکے ہیں ۔