ملک میں طوفانی بارشوں سے اموات کی تعداد 80 ہو گئی

40

کوئٹہ: ملک میں طوفانی بارشوں کے باعث اموات کی تعداد 80 ہو گئی ہے اور صرف بلوچستان میں اب تک 42 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق طوفانی بارشوں کے سبب بلوچستان میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی جہاں اب تک 16 خواتین اور 13 بچوں سمیت 42 افراد سیلابی ریلوں اور مکانات گرنے سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ 
بلوچستان کے مختلف ڈیم اور نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی صورت حال ہے اور آبادیوں کو بری طرح نقصان پہنچا ہے، ہرنائی میں پہاڑوں سے آنے والا سیلابی ریلہ شہر میں داخل ہونے سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
دوسری جانب لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارشیں ریکارڈ کی گئیں اور گوجرانوالہ کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بارش کا پانی داخل ہوگیا جبکہ ملتان کے مختلف علاقوں میں درخت، بجلی کی تاریں گرنے کے واقعات بھی سامنے آئے۔ 
اس کے علاوہ کراچی میں ایک بار پھر ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جہاں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو خاصی مشکلات کا سامنا ہے۔ 
کئی سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہوجانے کے باعث شہری پریشان ہیں جبکہ مویشی منڈی میں کیچڑ اور گندا پانی جمع ہوگیا جس سے خریداروں اور بیوپاریوں کو جانوروں کی دیکھ بھال میں بھی خاصی مشکل پیش آ رہی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.