واشنگٹن : وائٹ ہاؤس کی نئی ترجمان کیرولین لیوٹ نے اپنی پہلی نیوز بریفنگ میں کہا کہ امریکا میں جو بھی غیر قانونی طور پر داخل ہوگا، وہ مجرم شمار کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی سرحد پر ہنگامی حالت نافذ کرنے کا مقصد غیر قانونی تارکین وطن کو روکنا ہے۔
کیرولین لیوٹ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ صدر ٹرمپ نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے 300 سے زائد ایگزیکٹو آرڈرز جاری کیے ہیں۔ ان کے مطابق، وفاقی اداروں کے فنڈز کو روکنا صرف ایک عارضی اقدام ہے اور اس کا مقصد ملک کے مفاد میں ضروری اقدامات کرنا ہے۔
انہوں نے چین کی ایپ "ڈیپ سیک” کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ صدر ٹرمپ اسے امریکا کی سلامتی کے لیے ایک خطرہ سمجھتے ہیں، جس کے منفی اثرات کو روکنے کے لیے قومی سلامتی کونسل کو ہدایات دی گئی ہیں۔ کیرولین لیوٹ نے یہ بھی بتایا کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ امریکا مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی قیادت حاصل کرے اور اس میدان میں آگے بڑھے۔