واشنگٹن: امریکا نے پاکستان کے لیے امداد بند کرنے کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد کئی اہم منصوبے عارضی طور پر روک دیے گئے ہیں۔ گزشتہ دنوں امریکا نے دنیا کے مختلف ممالک کے لیے اپنی غیر ملکی امدادی پروگراموں کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا، جن میں یوکرین، تائیوان اور اردن کی امداد بھی شامل تھی۔ یہ امدادی پروگرام 90 روز کے لیے معطل کیے گئے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے تمام سفارتی مشنز کو ہدایت دی تھی کہ وہ تمام امدادی پروگرام فوراً معطل کر دیں اور اس حوالے سے تمام کام بند کر دیے جائیں۔ اب امریکی حکام نے پاکستان کے لیے بھی امداد بند کرنے کی تصدیق کی ہے، جس کے نتیجے میں توانائی، زراعت، جمہوریت، انسانی حقوق اور گورننس جیسے اہم شعبوں کے منصوبے متاثر ہو گئے ہیں۔
اس کے علاوہ، ایمبیسڈر فنڈ برائے ثقافتی پریزرویشن کے تحت ایک منصوبہ بھی عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امدادی پروگراموں کا جائزہ لے کر از سر نو فیصلہ کیا جائے گا کہ انہیں دوبارہ شروع کیا جائے یا نہیں۔