حکومتی ٹیم نے پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات پر جواب تیار کر لیا

 

اسلام آباد: حکومتی مذاکراتی ٹیم نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تحریری مطالبات کے جواب تیار کر لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، حکومتی ٹیم نے پی ٹی آئی کے مطالبات پر تفصیلی جواب دیا ہے، جس میں 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کی مخالفت کی گئی ہے۔ حکومتی جواب میں وضاحت پیش کی گئی ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور بعض ملزمان کو ملٹری کورٹس سے سزائیں بھی ہو چکی ہیں، اس لیے جوڈیشل کمیشن بنانا ممکن نہیں ہے۔

جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو 26 نومبر کے لاپتہ افراد اور گرفتار شدگان کی فہرست فراہم کرنا ہوگی، تاکہ ان کی رہائی کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جا سکے۔ حکومت نے پی ٹی آئی سے ان ہلاکتوں کی تفصیلات بھی مانگی ہیں جن کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی جلد ہی سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو تحریری جواب پیش کرے گی، جس کے بعد اسپیکر حکومتی جواب کی بنیاد پر مذاکرات کے چوتھے اجلاس کا فیصلہ کریں گے۔