اسلام اباد : اسلام آباد کے علاقے آئی نائن میں ناکے پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ٹریفک پولیس کے اہلکار زبیر گولی لگنے سے شہید ہو گئے۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور دیگر ملزمان کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس افسوسناک واقعے پر دکھ کا اظہار کیا اور شہید ٹریفک پولیس اہلکار زبیر شاہ کے خاندان سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں شہید کے خاندان کے ساتھ ہیں اور ملزمان کی جلد گرفتاری کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ شہید کے خاندان کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا اور ان کی دیکھ بھال کی جائے گی۔