قاہرہ: شادی کی یادگار لمحوں کو خاص بنانے کے لیے اکثر جوڑے مختلف طریقے اپناتے ہیں، لیکن مصر کے ایک نوبیاہتا جوڑے نے ایسا انوکھا انداز اپنایا جس نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا۔
مصری جوڑے مصطفیٰ اور یاسمین نے اپنی شادی کے دن کو منفرد طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا اور قاہرہ کی سڑکوں پر صبح سویرے گھومتے ہوئے اپنی خوشیاں تقسیم کیں۔ دونوں نے شہر کی مشہور گلیوں میں چہل قدمی کی اور راہ چلتے لوگوں سے مبارکبادیں وصول کیں۔ مقامی فوٹوگرافر احمد محمد عبدالسید نے ان کی تصاویر بنائیں اور بتایا کہ یہ تجربہ ان کے لیے بھی نیا اور دلچسپ تھا۔
عبدالسید کے مطابق، بغیر کسی دعوت کے لوگ جوڑے کے ارد گرد جمع ہو گئے اور ان کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنائیں۔ جوڑے نے شادی کے اخراجات کم کرنے کا فیصلہ کیا اور بچ جانے والی رقم کو عمرہ کے لیے استعمال کرنے کا ارادہ کیا، تاکہ ان کی ازدواجی زندگی کی شروعات خوشگوار ہو۔
فوٹوگرافر نے بتایا کہ فوٹو سیشن صبح چھ بجے شروع کیا گیا اور اس دوران کار ڈرائیوروں نے ہارن بجا کر جوڑے کا استقبال کیا، جب کہ راہگیروں نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ جوڑے کی یہ منفرد شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔