ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان

لاہور : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کی توقع ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق، شمال مشرقی پنجاب میں رات کے اوقات میں شدید سردی پڑے گی، جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دھند چھا سکتی ہے۔ شام یا رات کے اوقات میں، جنوب مشرقی پنجاب اور مشرقی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔

 

اسلام آباد اور اس کے نواحی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم رات کے اوقات میں جزوی طور پر آسمان ابر آلود ہو سکتا ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم رہے گا، لیکن لسبیلہ، خضدار اور قلات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

 

پنجاب کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم مری اور گلیات جیسے پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ رات کے اوقات میں لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور دیگر شہروں میں دھند چھا سکتی ہے، جبکہ رحیم یار خان، بہاولنگر اور ملتان میں بارش کے امکانات ہیں۔

 

سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، لیکن گھوٹکی، سکھر اور دیگر شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہے گا، اور کشمیر و گلگت بلتستان میں شدید سردی کی توقع کی جا رہی ہے۔