لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوروں اور ڈیفالٹرز کے خلاف آپریشن کے لیے رینجرز کی مدد طلب کر لی ہے۔
لیسکو کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، کمپنی نے اپنے ٹاپ 100 ڈیفالٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں رینجرز کو لیسکو کے عملے کے ہمراہ آپریشن کی مدد فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
پہلے مرحلے میں اوکاڑہ سرکل کے دیہاتی اور دور دراز علاقوں میں بجلی چوری کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس آپریشن کا مقصد ان علاقوں میں بڑھتی ہوئی بجلی چوری اور نقصانات کو کم کرنا ہے۔
اس کے علاوہ، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ سرکل میں بھی بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیے جائیں گے، کیونکہ ان علاقوں میں ڈیفالٹرز اور بجلی کے نقصانات کی شرح زیادہ ہے۔
لیسکو نے اس معاملے کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کریک ڈاؤن کے ذریعے نہ صرف بجلی چوری کو روکنا مقصود ہے بلکہ کمپنی کے مالی نقصان میں بھی کمی لائی جائے گی۔ لیسکو کے افسران سے 2 دن کے اندر ڈیفالٹرز کی فہرستیں طلب کی گئی ہیں تاکہ آپریشن کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
کمپنی کے حکام نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ بجلی چوری کی روک تھام میں تعاون کریں تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور بجلی کے نقصانات میں کمی لائی جا سکے۔