لندن : برطانیہ میں شدید برف باری نے مختلف علاقوں میں نظام زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ برمنگھم اور لیڈز بریڈ فورڈ ایئرپورٹس کے رن وے برفباری کی وجہ سے بند ہو گئے ہیں، جبکہ لیورپول ایئرپورٹ پر کھڑے طیارے برف سے ڈھک گئے۔ رن وے کی صفائی کے بعد پروازوں میں تاخیر ہو رہی ہے، جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اسکاٹ لینڈ کے علاقے لاخ گلاسکارنوچ میں درجہ حرارت منفی 11 تک جا پہنچا، جبکہ لندن میں برف اور بارش کی وجہ سے برف نہیں جمی۔ شمالی آئرلینڈ اور انگلینڈ کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، اور لندن کے واٹر لو اسٹیشن سے بھی کئی ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں۔
حکام نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے شمالی انگلینڈ میں 25 سینٹی میٹر تک برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ مزید برآں، مختلف علاقوں میں برفباری، بارش اور سیلاب کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے، جہاں 40 سینٹی میٹر تک برف گرنے کا امکان ہے۔