پاکستان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر اپنی مدت کا آغاز کر دیا

نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر اپنی 2 سالہ مدت کا آغاز کر لیا ہے۔ اس موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستان کے مندوب عاصم افتخار نے غیر مستقل ارکان کے پرچم کی تقریب میں شرکت کی اور سلامتی کونسل میں پاکستان کا پرچم نصب کر دیا گیا۔ اس کے بعد پاکستان کی 2 سالہ مدت کا آغاز ہو گیا۔

 

اس کے علاوہ، ڈنمارک، یونان، پاناما اور صومالیہ کے پرچم بھی لگائے گئے، جو کہ دیگر نئے غیر مستقل ارکان ہیں۔ پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے دنیا کے مختلف چیلنجز سے نمٹنے میں فعال اور تعمیری کردار ادا کرے گا۔

 

پاکستان نے اس سے پہلے 7 بار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے، اور یہ آٹھویں بار ہے کہ اسے یہ موقع ملا ہے۔ گزشتہ سال جون میں پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 193 ممالک میں سے 182 ووٹ حاصل کیے تھے۔ سلامتی کونسل پانچ مستقل ارکان (امریکہ، برطانیہ، روس، چین اور فرانس) اور 10 غیر مستقل ارکان پر مشتمل ہے۔