لاہور : پنجاب کے مختلف شہروں بشمول لاہور میں شدید دھند چھا گئی ہے، جس کے باعث حد نگاہ تقریباً صفر ہو گئی ہے۔ لاہور ایئرپورٹ پر بھی دھند کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول متاثر ہو رہا ہے، اور رن وے کے قریب حد نگاہ صرف 150 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
شدید دھند کی وجہ سے جدہ سے آنے والی سعودی ایئرلائن کی پرواز ایس وی 738 کو لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت نہیں دی جا سکی، اور اس کا رخ اسلام آباد ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔
موٹر ویز پر بھی دھند کے باعث کئی اہم راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ لاہور سے کوٹ مومن تک موٹر وے ایم 2، لاہور سے عبدالحکیم تک ایم 3، پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک ایم 4، اور شیر شاہ سے روہڑی تک موٹر وے ایم 5 بند ہیں۔ اسی طرح لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 پر بھی ٹریفک کی اجازت نہیں ہے۔
دھند کی شدت کی وجہ سے شہروں میں بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی درخواست کی ہے اور ڈرائیورز کو دھند میں فوگس لائٹس کے استعمال کی ہدایت کی ہے تاکہ سڑک پر حادثات سے بچا جا سکے۔