پنجاب میں شدید دھند، متعدد موٹرویز بند

لاہور : پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے کئی موٹرویز کو بند کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے کوٹ مومن تک موٹر وے ایم 2، عبد الحکیم تک ایم 3، فیصل آباد سے شور کوٹ تک ایم 4، رحیم یار خان سے گھوٹکی تک ایم 5، اور لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 پر دھند کے باعث ٹریفک کی روانی کو روک دیا گیا ہے۔

 

موٹروے حکام کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران بہترین سفر کے اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں، اور ڈرائیوروں کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔

 

ترجمان موٹروے نے وضاحت کی کہ عوام کی حفاظت کے پیش نظر یہ اقدامات کیے گئے ہیں کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ڈرائیوروں کو لین ڈسپلن برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ سفر محفوظ رہ سکے۔

 

موٹروے پولیس نے ڈرائیوروں سے تیز رفتاری سے گریز کرنے اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھنے کی درخواست کی ہے۔ اگر کسی کو مدد کی ضرورت ہو تو وہ ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔