پنجاب کی دیہی خواتین کے لیے خوشخبری: مریم نواز نے مفت مویشی اور بلا سود قرضے کا اعلان کر دیا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سی ایم لائیوسٹاک کارڈ کا اجراء کیا اور 2 ارب روپے کا خصوصی پیکیج متعارف کرایا۔ اس پیکیج کے تحت 12 اضلاع کی 11 ہزار دیہی خواتین کو گائے اور بھینسیں مفت فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنا روزگار کما سکیں۔

دیہی خواتین کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے یہ منصوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈی جی خان، لیہ، مظفر گڑھ اور راجن پور میں شروع کیا گیا ہے۔ خواتین کو مویشی پالنے اور روزگار کمانے کے لیے مفت سہولیات دی جائیں گی، جو ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائیں گی۔

  • 80 ہزار مویشی پال فارمرز 27 ہزار روپے فی جانور بلا سود قرض لے سکیں گے۔
  • رجسٹرڈ ڈیلرز سے 2 لاکھ 70 ہزار روپے تک ونڈا، منرل مکسچر اور دیگر سامان خریدا جا سکے گا۔
  • قرض چار ماہ کی مساوی اقساط میں واپس کیا جا سکے گا۔

  • مویشیوں کی بہتر دیکھ بھال کے لیے اینیمل آئیڈنٹی ٹریس ایبلٹی سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔
  • فری ڈیگنگ، ان سیمی نیشن، اور کوالٹی ٹیسٹنگ جیسی خدمات بھی دستیاب ہوں گی۔
  • فارمرز کے لیے ہیلپ لائن اور آن لائن رجسٹریشن کی سہولت دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یہ اقدام دیہی خواتین کے لیے ایک نیا آغاز ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا، "دیہی خواتین کو خوشحال بنانے کے لیے یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے، تاکہ وہ نہ صرف اپنے گھرانوں کی کفالت کریں بلکہ معاشی طور پر خودمختار بھی بن سکیں۔”

یہ منصوبہ نہ صرف خواتین کو روزگار فراہم کرے گا بلکہ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے کے ذریعے پنجاب کی معیشت کو بھی مضبوط بنائے گا۔