پی ٹی آئی مذاکرات اور سول نافرمانی کا ڈرامہ رچاتی ہے: عظمیٰ بخاری

 

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک طرف مذاکرات کا ڈرامہ کر رہی ہے اور دوسری طرف سول نافرمانی کی تحریک کا پھیلاؤ کر رہی ہے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اہم رہنما سوشل میڈیا پر اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر نہ بھیجنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ انہوں نے زلفی بخاری، شہباز گل اور شہزاد اکبر جیسے افراد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ غیر ملکی ٹاؤٹ اس مہم میں پیش پیش ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے پی ٹی آئی کی ملک دشمن سرگرمیوں کو مسترد کر دیا ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے رواں سال ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ترسیلات زر بھیجی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ اڈیالہ جیل کے قیدی نے ڈیڑھ سال تک قوم کو یہ باور کرانے کی کوشش کی کہ وہ انہیں امریکی غلامی سے آزاد کرائے گا، لیکن اب وہ خود امریکی لابی سے پاکستان میں مداخلت کی درخواستیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قیدی اب این آر او کے لیے کسی کے بھی پاؤں پکڑنے کو تیار ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے، اور وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکا کو دو ٹوک الفاظ میں "ایبسولوٹلی ناٹ” کہہ دیا ہے۔ پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں کسی بھی غیر ملکی مداخلت کی اجازت نہیں دے گا، اور اس اصول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔