کراچی : پاکستان سٹاک ایکسچینج نے حالیہ دنوں میں بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد اچانک منفی رجحان اختیار کر لیا ہے۔ کاروباری ہفتے کے پہلے دن سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی ہے، جس کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس میں 1300 سے زیادہ پوائنٹس کی کمی آئی۔ اس کمی کے باعث سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 1 لاکھ 11 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح تک پہنچ گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر بھی سٹاک مارکیٹ منفی زون میں بند ہوئی تھی، جب ہنڈرڈ انڈیکس 1509 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1 لاکھ 12 ہزار 414 پوائنٹس پر تھا۔ اسی دوران، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں بھی کمی آئی ہے۔ کاروباری ہفتے کے آغاز پر ڈالر کی قیمت 17 پیسے کم ہو کر 278.30 روپے ہو گئی۔