راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے راولپنڈی کے سینٹ کیتھولک کیتھیڈرل چرچ میں کرسمس کی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف کو چرچ میں پرجوش استقبال کیا گیا، اور ان کی موجودگی پر شکریہ ادا کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے پاکستان بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیوں کی مبارکباد دی۔
جنرل عاصم منیر نے کرسمس کے موقع پر ہمدردی، سخاوت اور اتحاد کی قدروں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ آفاقی اقدار ہمیں آپس میں جڑنے اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ترغیب دیتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری اور دیگر اقلیتی گروپوں کے کردار کا اعتراف بھی کیا۔
آرمی چیف نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظمؒ کی دوراندیش قیادت اور اتحاد کے اصولوں نے پاکستان کی ترقی کی راہ ہموار کی اور ایک مضبوط قومی بنیاد فراہم کی۔