لاہور : پاکستان اور دنیا بھر میں کرسمس کی خوشیاں منائی جا رہی ہیں، اور اس موقع پر مختلف تقریبات اور سرگرمیاں جاری ہیں۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں مسیحی برادری نے کرسمس کے مذہبی تہوار کو جوش و خروش سے منایا۔
کراچی میں سینٹ پیٹرک چرچ میں کرسمس کی دعائیہ تقریب ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں مسیحی افراد نے شرکت کی۔ حیدرآباد میں بھی سینٹ فرانس چرچ میں دعائیہ محفل سجائی گئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، جہاں خواتین، بچے اور نوجوان ملک کی خوشحالی کے لیے دعائیں مانگ رہے تھے۔ فیصل آباد میں مسیحی خواتین نے کرسمس کی خریداری کی، اور گوجرانوالا کے کرسمس بازار میں 20 فیصد تک ڈسکاؤنٹ دیا گیا۔
کوئٹہ میں بیکریوں اور کیک شاپس میں کرسمس کے خاص کیکس کی دھوم مچی ہوئی تھی، اور لاہور میں مسیحی برادری کرسمس منانے کے لیے پرجوش نظر آئی۔ سرگودھا اور سکھر کے گرجا گھروں میں بھی دعائیہ تقریبات ہوئیں، اور سکھر میں کرسمس کے خوشی میں کیک کاٹا گیا۔ پشاور میں گھروں اور چرچز کو کرسمس ٹریز سے سجا لیا گیا۔
دنیا بھر میں بھی کرسمس کی تقریبات منائی جا رہی ہیں۔ ٹیکساس میں ڈرون سے سانتا کلاز نے بچوں کو تحائف دیے، اور روم میں بازاروں کو روشنیوں سے سجایا گیا۔ نیویارک، لندن، پیرس، ٹورنٹو اور میکسیکو سمیت دنیا کے کئی بڑے شہروں میں کرسمس کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
اس دوران، صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور مسلح افواج نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی خصوصی انداز میں کرسمس کی مبارکباد دی۔