تیسرا ون ڈے ،صائم ایوب کی شاندار سنچری، پاکستان نے 308 رنز کا مجموعہ بنا لیا

جوہانسبرگ :جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ کو بارش کے باعث 47 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے نوجوان بلے باز صائم ایوب نے زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے سیریز کی دوسری اور اپنے کیریئر کی تیسری سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 101 رنز بنائے۔ بابر اعظم 52 رنز اور کپتان محمد رضوان 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سلمان علی آغا نے 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ طیب طاہر نے 28 رنز بنائے۔

پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں، جہاں عرفان نیازی، حارث رؤف، اور ابرار احمد کی جگہ طیب طاہر، محمد حسنین، اور سفیان مقیم کو شامل کیا گیا۔