نیویارک :دنیا کے سب سے زیادہ اسٹائلش افراد کی فہرست میں ایک منفرد اضافہ دیکھنے کو ملا، جہاں تھائی لینڈ کے ایک مادہ دریائی گھوڑے کو بھی شامل کیا گیا۔ نیویارک ٹائمز نے اپنی 2024 کی ‘موسٹ اسٹائلش پیپل’ کی فہرست میں تھائی لینڈ کے مشہور دریائی گھوڑے ‘مو ڈینگ’ کا نام بھی درج کیا۔
‘مو ڈینگ’، جو صرف 5 ماہ کی ہے، تھائی لینڈ کے ایک چڑیا گھر میں رہتی ہے اور اس کی 24 گھنٹے کی ٹک ٹاک لائیو اسٹریم نے اسے بےحد مقبول بنا دیا ہے۔ یہ منفرد دریائی گھوڑا امریکا میں بھی کافی شہرت حاصل کر چکا ہے اور متعدد ٹی وی شوز میں پیش کیا گیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کی اس فہرست میں کئی مشہور نام، جیسے بیونسے اور گوینتھ پیلٹرو شامل ہیں، تاہم ‘مو ڈینگ’ جیسا منفرد انتخاب سب کے لیے حیرت کا باعث بنا۔ امریکی اخبار کے مطابق، مو ڈینگ نے اپنی معصومیت اور خوش مزاجی سے دنیا بھر میں لوگوں کے دل جیتے ہیں اور اسے خوشی اور بے ساختگی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں فرانس کے دریائے سین اور نیویارک کے مسکوٹ ‘ایلی دی ایلیفنٹ’ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کی یہ فہرست دسمبر کے آغاز میں جاری کی گئی، جس میں کچھ انتخاب نے سب کو حیران کر دیا۔