گوجرانوالہ : فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) گوجرانوالہ نے یونان کشتی حادثے میں ملوث دو انسانی سمگلرز کو گرفتار کیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق، گرفتار ہونے والوں میں محمد اسلم اور سعید احمد شامل ہیں۔ محمد اسلم یونان کشتی حادثے میں ملوث تھا اور انسانی سمگلنگ کے بین الاقوامی گینگ کا حصہ تھا۔
ملزم محمد اسلم نے متاثرین سے یورپ بھیجنے کے بدلے 85 لاکھ روپے ہتھیائے۔ اس نے اپنے گینگ کے ساتھ مل کر متاثرین کو پہلے لیبیا بھیجا، پھر انہیں کشتی کے ذریعے یونان بھجوانے کی کوشش کی۔ اس حادثے میں کئی افراد لاپتہ ہو گئے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق، ملزم محمد اسلم کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔ اسی دوران، گجرات سے ایک اور انسانی سمگلر کو گرفتار کیا گیا جو جعلی سفری دستاویزات تیار کرنے میں ملوث تھا اور ان دستاویزات کے ذریعے پیسے وصول کرتا تھا۔ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون نے بتایا کہ ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔