موسم سرما میں گیس کی کمی پر قابو پانے کے لیے او جی ڈی سی ایل کا نیا قدم

 

کراچی: موسم سرما میں قدرتی گیس کی کمی کے شکار شہریوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے اپنے تیل و گیس کے ذخائر سے پیداوار شروع کر دی ہے۔

او جی ڈی سی ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک خط ارسال کرتے ہوئے بتایا کہ قدرتی گیس، ایل پی جی اور خام تیل کے ذخائر سے پیداوار کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ خط میں کہا گیا کہ حیدرآباد کے کُنر ویل تھری سے یومیہ 3.5 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس حاصل کی جا رہی ہے، اور اس کنوئیں سے پیداوار کا عمل 1200 فلوئنگ پریشر پر شروع ہو چکا ہے۔

اس کے علاوہ، کُنر مائننگ سے ایل پی جی کے 3.8 میٹرک ٹن ذخائر کی پیداوار بھی شروع کی گئی ہے، اور یہ ذخائر سوئی سدرن گیس کمپنی کے سسٹم میں شامل کر لیے گئے ہیں۔ خط میں یہ بھی بتایا گیا کہ مائننگ سے یومیہ 30 بیرل ہلکے تیل کے ذخائر حاصل ہوئے ہیں۔ او جی ڈی سی ایل کو ان ذخائر کا سو فیصد آپریشنل کنٹرول حاصل ہے۔

یہ اقدام موسم سرما میں گیس کی فراہمی کے مسئلے کو حل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔