پاکستان نے امریکا کی طرف سے عائد کی گئی پابندیوں کو متعصبانہ قرار دیا ہے

اسلام آباد : پاکستان نے امریکا کی طرف سے عائد کی گئی پابندیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں متعصبانہ قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ امریکی پابندیاں افسوسناک ہیں اور ان سے خطے کے استحکام پر منفی اثرات پڑیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا نے ماضی میں بھی بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے صرف شک و شبے کی بنیاد پر پابندیاں لگائیں۔

 

ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا نے دوسرے ممالک کو جدید فوجی ٹیکنالوجی فراہم کی، جس سے ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے مقصد کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا سٹریٹیجک پروگرام صرف اپنی خودمختاری کا دفاع کرنے کے لیے ہے۔

 

ممتاز زہرا بلوچ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے کوشاں ہے اور اس کا میزائل پروگرام خطے میں طاقت کے توازن کے لیے ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنے سٹریٹیجک پروگرام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔