جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے لیے اہم:محمد رضوان

لاہور:قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے تناظر میں جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز بڑی اہمیت کی حامل ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ رضوان نے کہا کہ اگرچہ ٹی20 سیریز میں ٹیم کے نتائج توقعات کے مطابق نہیں تھے، لیکن کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی ان کنڈیشنز میں قابلِ اطمینان رہی۔

رضوان نے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں میچز میں بہترین کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہے، اور ٹیم میں جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف جیتنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز کل ہوگا۔ پہلا میچ پرل میں کھیلا جائے گا، جو ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے شروع ہوگا۔