اسلام آباد : شام میں بشارالاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد، اسلام آباد میں شامی سفارت خانے نے نئی عبوری حکومت کا پرچم بلند کر دیا ہے۔ یہ اقدام اس بات کا اشارہ ہے کہ پاکستان میں شامی مشن نے نئی حکومت کے ساتھ اپنی وفاداری کا اظہار کیا ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا پرچم امید، امن اور انقلاب کے اصولوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس پرچم میں شامل سبز، سفید، سیاہ اور سرخ رنگ شامی اپوزیشن کی مزاحمت کی علامت سمجھے جاتے ہیں، اور یہ اب شام کے قومی پرچم کے طور پر تسلیم کیا جا چکا ہے۔ پرچم میں تین سرخ ستارے شامی انقلاب کے نظریات کو ظاہر کرتے ہیں۔
بشارالاسد کی حکومت کے خاتمے کے صرف ایک ہفتے بعد، اسلام آباد میں شامی سفارت خانے نے اپنے پرانے پرچم کو تبدیل کر کے نئے عبوری حکومت کے پرچم کو اپنایا۔