مایوٹے جزیرے میں طوفان چیڈو کی تباہی، ہزاروں ہلاکتوں کا خدشہ

پیرس : افریقہ کے براعظم میں بحر ہند کے علاقے میں فرانسیسی جزیرہ مایوٹے میں سمندری طوفان چیڈو نے تباہی مچادی۔ حکام کے مطابق، طوفان نے انتہائی طاقتور ہواؤں کے ساتھ مایوٹے جزیرے کو نشانہ بنایا، جس سے علاقے میں شدید نقصان پہنچا۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس تباہی میں ہزاروں افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

 

طوفان نے موزمبیق کے ساحلی شہر میں بھی تباہی مچائی، جہاں سڑکیں زیر آب آگئیں اور بجلی کے کھمبے گر گئے۔ طوفان کا رخ اب زمبابوے اور ملاوی کی طرف ہو چکا ہے، جس سے ان علاقوں میں مزید نقصان کا خطرہ ہے۔

 

فرانسیسی حکام نے بتایا کہ چیڈو طوفان کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس سے سینکڑوں یا ہزاروں افراد کی ہلاکت ہو سکتی ہے۔ طوفان نے مایوٹے جزیرے کو 124 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے متاثر کیا، جس کے نتیجے میں کچے مکانات، سرکاری عمارتیں اور اسپتال بھی شدید متاثر ہوئے۔ یہ 90 سال میں جزیرے پر ٹکرانے والا سب سے طاقتور طوفان تھا۔

 

مایوٹے کے دارالحکومت کے رہائشی محمد اسماعیل نے اس تباہی کو "المیہ” قرار دیا اور کہا کہ یہ منظر کسی ایٹمی جنگ کے نتائج کی طرح نظر آتا ہے، جس نے پورے علاقے کو تہس نہس کر دیا۔

 

فرانسیسی حکومت کے مطابق، مایوٹے جزیرے پر ایک لاکھ سے زائد تارکین وطن بغیر دستاویزات کے رہائش پذیر ہیں، جس سے یہ جاننا مشکل ہو گیا ہے کہ طوفان میں کتنے افراد ہلاک ہوئے۔ حکام امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ متاثرین کو خوراک، پانی اور صفائی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔