پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ میں شامل نہیں ہوگی، یوسف رضا گیلانی کا دوٹوک بیان

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے واضح کیا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ نہ پہلے تھی اور نہ ہی مستقبل میں ہوگی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ بعض معاملات پر تحفظات موجود ہیں، جن پر بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی کوئی حتمی فیصلہ ہوگا، عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور حکومت کے درمیان طے شدہ تحریری معاہدے پر مکمل عمل درآمد ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، جیسا کہ مہذب دنیا میں ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ ہونے کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں سیاسی صورت حال کشیدہ ہے اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان اختلافات جاری ہیں۔