یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 5 افراد ہلاک، متعدد لاپتا

ایتھنز : یونان کے جنوبی ساحلی علاقے میں تارکین وطن کی کشتی کے ڈوبنے کے حادثے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 40 کے قریب افراد لاپتا ہیں۔ یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کو پیش آیا، جس میں 39 افراد کو بچا لیا گیا۔ زیادہ تر مسافر پاکستانی تھے، اور لاپتا افراد کی تلاش کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

 

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس افسوسناک واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی طور پر یورپ جانے والوں کی اموات پر غمگین ہیں۔ وزیر داخلہ نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے، جو پانچ روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ انسانی اسمگلنگ ایک سنگین جرم ہے اور اس مافیا کے خلاف ایف آئی اے کو ملک بھر میں سخت کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔