اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح کیا ہے کہ مذاکرات کے دوران انہوں نے کوئی شرط نہیں رکھی بلکہ اپنے مطالبات پیش کیے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا 9 مئی کے مقدمے سے ڈسچارج ہونے کی درخواست دائر کی ہے دعویٰ ہے کہ تمام مقدمات جھوٹے ہیں، جن میں ان کو بریت ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے وزیراعظم اور دیگر حکومتی شخصیات کے خلاف کرمنل کمپلینٹ دائر کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں احتجاج کے دوران گولی نہیں چلائی جاتی، اور یہاں مظاہرین کے احتجاج کے دوران پولیس نے بلا وجہ شیلنگ کی۔
بیرسٹر گوہر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے ہمیشہ مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے اور سیاسی مسائل کا حل صرف سیاسی طریقے سے ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں انہوں نے کوئی شرط نہیں رکھی بلکہ صرف اپنے مطالبات کو پیش کیا ہے۔
انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ماضی میں مذاکرات ہوئے تھے مگر ایک خاص مقام کے بعد رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ ملک کو بہتری کی سمت میں آگے بڑھنا چاہیے